Breaking News

Saturday, March 17, 2018

صحافی و لکھاری محمد حنیف کے لیے ستارہ امتیاز کا اعزاز


پاکستان کے معروف صحافی و لکھاری محمد حنیف کو حکومت پاکستان نے اعلیٰ ترین سول اعزازات میں سے ایک ’ستارہ امتیاز‘ کا اعزاز بخشا ہے۔
خیال رہے کہ ستارہ امتیاز کو ستارہ فضیلت بھی کہا جاتا ہے، اسے حکومت پاکستان یوم آزادی اور یوم پاکستان کے موقع پر کھیل، ادب، فنون لطیفہ، طب اور سائنس سمیت دیگر شعبوں میں نمایاں خدمات سر انجام دینے والے شخصیات کو دیتی ہے۔
ستارہ امتیاز کا اعزاز حاصل ہونے پر محمد حنیف نے ٹوئیٹ کے ذریعے اپنے تمام دوستوں اور ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا۔
محمد حنیف نے اپنے مخصوص انداز میں کہا کہ انہیں امید ہے کہ ستارہ امتیاز حاصل کرنے کے لیے ان کی صدر پاکستان ممنون حسین سے اچھی ملاقات بھی ہوگی۔
انہوں نے ستارہ امتیاز ملنے پر مبارکباد کے پیغامات بھیجنے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
خیال رہے کہ محمد حنیف پنجاب کے شہر اوکاڑہ کے ایک گاؤں میں پیدا ہوئے، انہوں نے ابتدائی طور پر پاک فوج میں بطور جنگی پائلٹ شرکت اختیار کی، تاہم بعد ازاں انہوں نے پاک فوج کی ملازمت ترک کرلی۔
محمد حنیف جنگی پائلٹ کی نوکری چھوڑنے کے بعد برطانیہ منتقل ہوگئے، جہاں وہ 2008 تک برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ سے وابستہ رہے۔
ان کے کالم مختلف عالمی جرائد و نشریاتی اداروں میں بھی شائع ہوتے رہے، جب کہ ان کی لکھی گئی کتابوں پر تبصرے بھی عالمی میڈیا کی زینت بنے۔
محمد حنیف کی پہلی کتاب ‘اے کیس آف ایکسپلوڈنگ مینگوز‘ 2008 جب کہ دوسری کتاب ’اور لیڈی آف ایلائس بھٹی‘ 2011 میں شائع ہوئی، وہ ان دنوں تیسری کتاب لکھنے میں مصروف ہیں، جو رواں برس ستمبر تک شائع ہونے کا امکان ہے۔

Post Top Ad

Your Ad Spot