Breaking News

Wednesday, March 28, 2018

اپنے کیریئر اور معاوضہ حاصل کرنے کیلئے لڑنا پڑا، کنگنا


بولی وڈ کی بہترین اداکارہ کنگنا رناوٹ نے اپنے کیریئر کو اس مقام تک پہچانے کے لیے بہت سی مشکلات کا سامنا کیا ہے، جس کے بعد میں صرف انڈسٹری کے لوگ ہی نہیں بلکہ ان کے مداح بھی بخوبی جانتے ہیں۔
کنگنا رناوٹ کا نام صرف بہترین اداکاری کے لیے ہی سامنے نہیں آتا بلکہ وہ اپنے بےباک انداز کی وجہ سے بہت سے تنازعات کا شکار بھی بنتی رہتی ہیں۔
وہ اس وقت بولی وڈ میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی اداکاراؤں میں سے ایک مانی جاتی ہیں۔
اپنے منفرد انداز کے بارے میں اداکارہ نے حال ہی میں دیے ایک انٹرویو میں اپنی بہادری کی وجہ بتائی۔
کنگنا رناوٹ کا کہنا تھا کہ ’ایمانداری کی بات کی جائے تو میں باہر یہ سوچ کر کبھی نہیں جاتی کہ مجھے معاشرے کو تبدیل کرنا ہے، میں ایک اچھی انسان ہوں پر بہترین نہیں، میں اپنے حقوق کے لیے لڑنا جانتی ہوں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے اپنے ایسا کیریئر حاصل کرنے کے لیے لڑنا پڑا، یہ معاوضہ جو میں آج وصول کررہی ہوں اس کے لیے لڑنا پڑا، آج میرے پاس میرا گھر اور جائیداد ہے تو میں نے انہیں لڑ کر حاصل کیا ہے، کسی اور کی وجہ سے یہ میرے پاس نہیں‘۔
خیال رہے کہ کنگنا رناوٹ اس وقت اپنی فلم ’منیکارنیکا: دی کوئین آف جھانسی‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جو نہایت بڑے بجٹ پر تیار کی جارہی ہے۔
اس فلم میں کنگنا رانی لکشمی بائی کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔
بولی وڈ میں اپنے کیریئر کے حوالے سے اداکارہ نے بتایا کہ ’لوگ سمجھتے ہیں میں ہر دن ایک جنگ لڑ رہی ہوں اور میرا کوئی مستقبل نہیں کیوں کہ میرے جوہر یا کسی روشن سے کوئی دوستی نہیں، لیکن ایسا نہیں ہے، میں 2018 کی سب سے بہترین فلم میں کام کررہی ہوں، اتنے بڑے بجٹ پر اب تک کوئی دوسری ایسی فلم نہیں بنی جس میں اداکارہ کا مرکزی کردار ہو‘۔
واضح رہے کہ کنگنا رناوٹ اس سے قبل ہریتھک روشن کے ساتھ ہوئے تنازع کے باعث خبروں میں رہیں.
کنگنا رناوٹ اور ہریتھک روشن کے درمیان 2009 میں تعلقات استوار ہوئے اور دونوں کے درمیان 2014 میں اخلافات ہوئے۔
دونوں نے ایک دوسرے پر مقدمات بھی درج کروائے، جب کہ ہریتھک روشن کی جانب سے اداکارہ کو بھیجی گئی فحش اور نازیبا ای میل بھی بعد ازاں لیک ہوئی تھیں۔
اس کے علاوہ کنگنا رناوٹ نے کرن جوہر کے شو کے دوران کرن پر بولی وڈ میں اقرباء پروری کرنے کا الزام عائد کردیا تھا جس کے بعد ان دونوں کے درمیان ایسے جھگڑے کا آغاز ہوا جس کا اختتام آج تک نہیں ہوپایا۔
بعد ازاں کرن جوہر اور کنگنا رناوٹ دونوں نے ایک دوسرے پر الزامات عائد کیے، جبکہ ہدایت کار نے ایک ایوارڈ شو کے دوران سیف علی خان اور ورن دھون کے ساتھ مل کر کنگنا کا مزاق بھی اڑایا۔

Post Top Ad

Your Ad Spot