ڈیرہ غازیخان (بیورورپورٹ،پاکستان اپڈیٹس)۔: ضلع ڈیرہ غازی خان میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا گیا دن کا آغاز نماز فجر کے بعد خصوصی دعاوں سے ہوا۔23 مارچ کی مناسبت سے مرکزی تقریب ڈی جی خان آرٹس کونسل میں منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر آبپاشی سردار محسن خان لغاری نے بطور مہمان خصوصی او رمشیر صحت محمد حنیف خان پتافی نے بھی شرکت کی اور بچوں کے ساتھ ملکر پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔صوبائی وزیر سردار محسن خان لغاری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آنیوالی نسل میں جوش و جذبہ دیکھ کرخوشی ہوئی ہے ہر بچے میں جذبہ حب الوطنی بیدار ہوچکا ہے جس سے قوی امید ہے کہ پاکستان کا مستقبل تابناک ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے ارض پاک پر حملہ کی ناکام جسارت نے پاکستانی قوم کو1940 کی طرح پھر متحد کردیا ہے اور قوم میں یہ اتحاد حکمران قیادت کو ملک کے لئے بہتر فیصلے کرنے کی ہمت دیگا۔ تقریب سے ایڈیشنل کمشنر و ڈائریکٹر آرٹس کونسل اظفر ضیاء،محبوب حسین اور دیگر نے بھی خطاب کیا ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز میاں غلام رسول، غلام یسین،سی ای او تعلیم عبدالغفار لنگاہ،پروفیسر شعیب رضا دیگر افسران ، مرد و خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد شریک تھی قبل ازیں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔ بچوں نے دن کی مناسبت سے پرجوش انداز میں ٹیبلوز،خاکے،تقاریر اور ملی نغمے پیش کئے.
یوم پاکستان کے سلسلے میں سنٹرل جیل ڈیرہ غازیخان میں پر وقار تقریب
ڈیرہ غازیخان (بیورورپورٹ،پاکستان اپڈیٹس)۔یوم پاکستان کے سلسلے میں سنٹرل جیل ڈیرہ غازیخان میں پر وقار تقریب منعقد ہوئی جس میں مشیر صحت محمد حنیف خان پتافی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 23 مارچ 1940 کو قائد اعظم نے کہا تھا کہ برصغیر کے اندر مسلم اور ہندو دو الگ الگ قومیں ہیں جو آپس میں اکٹھے نہیں رہ سکتیں جن کا الگ ہونا ضروری ہے مشیر صحت نے کہاکہ یہ پاکستان ہم نے لاکھوں جانوں کی قربانیوں کے بعد حاصل کیا ہے ہمیں اپنے ملک کی قدر کرنی چاہیے قائداعظم کے بعد آج پاکستان کو ایک سچا لیڈرعمران خان ملا ہے میں آپ تمام سے امید رکھتا ہوں کہ آپ سزا کاٹنے کے بعد باہر جاکراچھے شہری بنیں گے اورمحنت اور دیانتداری سے کام کر کے پاکستان کا نام روشن کریں گے ۔ اسیران نے یوم پاکستان کے موقع پر ملی نغمے گائے اور تقاریر کیں اورسپرنٹنڈنٹ جیل مشتاق حسین نے اپنے خطاب میں قیام پاکستان کے مختلف پہلوں پر روشنی ڈالی ۔ اس موقع پر اسیران میں مٹھائی تقسیم کی گئی جبکہ آخر میں ملکی سلامتی کے لیے دعا کی گئی.
یوم پاکستان کے موقع پر ریسکیو سٹیشنز 1122پر تقاریب کا انعقاد
ڈیرہ غازیخان (بیورورپورٹ،پاکستان اپڈیٹس)۔یوم پاکستان کے موقع پر ریسکیو سٹیشنز 1122پر تقاریب کا انعقاد کیاگیا مرکزی تقریب سنٹرل سٹیشن چوک چورہٹہ ڈیرہ غازیخان پر منعقد ہوئی جس میں پرچم کشائی کی گئی اورریسکیورز نے سلامی دی . تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر ناطق حیات غلزئی نے کہا کہ ہم سب کو مل کر وطن عزیز کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردارادا کرنا ہو گاانہوں نے کہاکہ ہمیں قائد اعظم محمد علی جناح کے ایمان ،اتحاد ، تنظیم اور یقین محکم کے اصولوں کو اپناکر اپنے فرائض منصبی دیانتداری سے انجام دینا ہو ں گے.
ملک میں فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے کی سازش ہو رہی ہے، قاری محمد اسماعیل کھلول
ڈیرہ غازی خان (بیورورپورٹ،پاکستان اپڈیٹس)ملک میں فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے کی سازش ہو رہی ہے موجودہ حکومت دھاندلی اور جھوٹ کی پیداوار نا اہل حکمران اپنے اقتدار کے لئے قوم کو سبز باغ دکھاتے ہیں جھوٹے وعدے اور جھوٹے الزامات کی سیاست کر تے ہیں کراچی میں جید عالم مولانا عثمان تقی اور مولانا شہاب پر حملے کی شدید مذمت کر تے ہیں ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام (ف) کے تحصیل امیر قاری محمد اسماعیل کھلول نے اپنے بیان میں کیا ہے انہوں نے کہا کہ کراچی میں علماء پر قاتلانہ حملے ملک بھر میں فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے کی سازش ہیں جبکہ موجود ہ حکمران قوم کو سبز باغ دکھاتے ہیں جھوٹ اور الزامات کی سیاست سے اپنے اقتدارکو مضبوط کر تے ہیں لیکن جلد نااہل اور جھوٹے دھاندلی زدہ حکمرانوں کو عوام اقتدار کے ایوانوں سے نکال باہر کریں گے ۔
ضرورت زندگی کی اشیاء کی قیمتوں میں بڑا اضافہ عوامی زندگی کو مشکل بنا رہا ہے، صرافہ ایسوسی ایشن ڈیرہ
ڈیرہ غازی خان (بیورورپورٹ،پاکستان اپڈیٹس) ضرورت زندگی کی اشیاء کی قیمتوں میں بڑا اضافہ عوامی زندگی کو مشکل بنا رہا ہے مہنگائی کی آئے روز بڑھتی لہروں نے کاروباری سرگرمیوں کو بھی ماند کر دیا ہے مہنگائی سے عوام کی قوت خرید کم ہو نے سے تاجر برادری کا کاروبار مندے کا شکار ہے نہ کہیں دو نہیں ایک اورنہ ہی نیا پاکستان نظر آتا ہے ان خیالات کا اظہار صرافہ ایسوسی ایشن ڈیرہ غازی خان کے جنرل سیکرٹری محمد صفدر خٹک ،رانا شاہ زیب نے اپنے مشترکہ بیان میں دیا ہے انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان آنے والا ہے حکومت نے یوٹیلٹی سٹوروں پر ضرورت زندگی کی اشیا ء میں کئی گنا اضافہ کر دیا مہنگائی کی آئے روز بڑھتی لہروں نے نہ صرف عوامی زندگی کو مشکل بنا دیا ہے بلکہ تجارتی سرگرمیوں پر بھی منفی اثر ڈالا ہے نا اہل حکمران عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہیں ۔
قانون سازی کے ایک پرائیویٹ ممبر بل پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دیا،، ایم پی اے ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ
ڈیرہ غازی خان (بیورورپورٹ،پاکستان اپڈیٹس)پاکستان تحریک انصاف کی ایم پی اے ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ نے کہا ڈیرہ غازی خان سے جنم لینے والی تحریک’’ مثبت پاکستانی تحریک‘‘اب انشاء اللہ پورے پنجاب میں نظر آئے گی کیونکہ اس حوالے سے قانون سازی کے ایک پرائیویٹ ممبر بل پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دیا ہے وہ تعلیم و تربیت کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں انہوں نے کہا کہ مثبت پاکستانی تحریک عنقریب ہر پاکستانی دل کی آواز بننے والی ہے اس سے نہ صرف ہماری انفرادی زندگیوں میں انقلاب آئے گا بلکہ اپنے پیارے پاکستان کو بھی اقوام عالم میں ایک بلند ترین مقام ملے گا ڈاکٹر شاہینہ نے مزید بتایا کہ مثبت پاکستان تحریک مثبت رویوں کو فروغ دینے علم کو پھیلانے اور اسے عمل کے ساتھ جوڑنے اور احساس جگانے کی تحریک ہے یہ افراد کو ملک و ملت کا ستارہ بنانے کی تحریک ہے اس حوالے سے تفصیلات اور لائحہ عمل عنقریب عوام الناس تک پہنچاؤں گی ۔
واپڈا نے تمام واٹر سپلائی سکیموں اور ڈسپوزل ورکس کے کنکشن منقطع کر دیئے
ڈیرہ غازی خان (بیورورپورٹ،پاکستان اپڈیٹس ) واجبات کی عدم ادائیگی پر ایک بار پھر واپڈا نے میو نسپل کارپوریشن ڈی جی خان کی تمام واٹر سپلائی سکیموں اور ڈسپوزل ورکس کے کنکشن منقطع کر دیئے ، پانی کے شدید بحران کے باعث شہریوں کا احتجاج تفصیلات کے مطابق واپڈا نے کروڑوں روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی پر ایک بار پھر میو نسپل کارپوریشن ڈی جی خان کی تمام واٹر سپلائی اسکیموں اور ڈسپوزل ورکس کے کنکشن منقطع کر دیئے جس کے باعث شہریوں کو گزشتہ دو روز سے پانی کی فراہمی بند ہو گئی ہے اور پانی کے شدید بحران کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے شہریوں صفدرحسین ،غلام حسین ،شاہد افتخار محمد آصف ،ماجد غوری ،محمد فہیم ،اویس احمد،محمد رمضان ،استاد جاوید نے شدید احتجاج کر تے ہو ئے کہا کہ واپڈا اور ٹی ایم اے کے درمیان واجبات کے دیرینہ مسئلہ کو مستقل طور پر حل کیا جا ئے اور گرمیوں کی آمد آمد ہے شدید گرمیوں میں دو سرکاری اداروں کی لڑائی کی سزا عوام کو نہ دی جا ئے اس سلسلہ میں ایگزیکٹو انجینئر واپڈا ممتاز احمد سولنگی کا کہنا ہے کہ میو نسپل کارپوریشن گزشتہ کئی عرصہ سے ایک کروڑو روپے کی نادہندہ ہے اور واجبات کی عدم ادائیگی پر میپکو حکام کی ہدایت پر کنکشن کاٹے گئے ہیں اور جب تک واجبات کی ادائیگی نہیں کی جا تی کنکشن بحال نہیں کئے جا ئیں گے شہریوں نے کمشنر طاہر خورشید،ڈپٹی کمشنر میاں اقبال مظہر مہار سے مطالبہ کیا ہے کہ آئے روز واٹر سپلائی کنکشن کاٹنے کے اس اہم مسئلہ کو حل کر نے کے لئے فوری طور پر درست اور ٹھوس اقدامات عمل میں لائے جا ئے تاکہ آئندہ گرمیوں میں عوام کو پینے کے پانی کی فراہمی بروقت میسر ہو سکے ۔



