ڈیرہ غازی خان کے حلقہ این اے 190 سے ریٹرننگ آفیسر نے پی ٹی آئی رہنما سردار ذوالفقار کھوسہ کی 117 ووٹ کی برتری سے کامیابی کا اعلان کیا تھا لیکن دوبارہ گنتی میں سردار ذوالفقار کھوسہ 225 ووٹ سے ہار گئے۔
تفصیلات کے مطابق جاری ہونے والے فارم 45 کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ ڈیرہ غازی خان کے اس حلقے سے پی ٹی آئی رہنما سردار ذوالفقار کھوسہ نہیں بلکہ آزاد اُمیدوار سردار امجد فاروق کھوسہ کامیاب ہوئے ہیں۔
آزاد اُمیدوار سردار امجد فاروق کھوسہ 72 ہزار 186 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ پی ٹی آئی کے اُمیدوار ذوالفقار کھوسہ 71 ہزار 964 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔
فارم 45 میں لکھا گیا کہ کلیریکل غلطی کی وجہ سے آزاد اُمیدوار سردار امجد فاروق کے ایک پولنگ اسٹیشن نمبر 205 کے ووٹ شامل نہیں کیے گئے تھے۔
ترجمان ڈی آر او نے کہا کہ آزاد اُمیدوار سردار امجد فاروق کے پولنگ اسٹیشن کے ووٹ شامل کرنے کے بعد این اے 190 سے سردار امجد فاروق ہی کامیاب قرار پائے ہیں۔
نئے نوٹیفکیشن کے مطابق آزاد اُمیدوار سردار امجد فاروق 225 ووٹوں کے فرق سے کامیاب ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ سردار ذوالفقار کھوسہ جون 2018ء میں پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوئے تھے۔
اس موقعے پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ میں ایک طویل عرصے تک مسلم لیگ کا حصہ رہا اور مسلم لیگ کو عروج کے وقت چھوڑا۔ اس وقت یہ مسلم لیگ نہیں بلکہ ن لیگ بن چکی ہے۔
ڈیرہ غازیخان میں قبائلی چیف اور تمندار سردار ذوالفقارعلی خان کھوسہ کی کامیابیوں کا تاریخی ریکارڈ کچھ اس طرح ہے۔
سردار صاحب 11 مرتبہ ممبر اسمبلی منتخب ہو چکے ھیں اور 56 سال سے ڈیرہ غازیخان میں اپنی جیت کا تسلسل برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
آپ پہلی مرتبہ 1962 میں مغربی پاکستان اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور اس وقت کی اسمبلی میں آپ کم عمر ترین رکن تھے۔
ذوالفقار کھوسہ 1972 میں ضمنی الیکشن میں اپنے چچا عطا محمد کھوسہ کے اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کے بعد رکن منتخب ہوئے تھے۔ اس کے بعد 1977، 1985، 1988، 1990، 1993، 1997، 2008 اور 2013 تک وہ پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوتے رہے تاہم 2012 میں وہ سینیٹر منتخب ہو چکے تھے۔ اس لئے 2013 کے انتخابات میں کامیابی کے بعد یہ نشست چھوڑ دی تھی۔
بہر حال 2018 کے حالیہ الیکشن میں نتائج کی بار بار تبدیلی چاہے وہ کلریکل ہو یا پھر رزلٹ مینجمنٹ سسٹم کی ناکامی سے، انتخابی عمل کو مشکوکیت کی طرف لے کر جا رہے ہیں اور عوامی سوالات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
