Breaking News

Saturday, April 21, 2018

ضلعی و ڈویژنل سطح پر نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے کاشتکاروں میں قیمتی زرعی مشینری کے انعامات تقسیم


ڈیرہ غازیخان (بیوروچیف).کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن احمد علی کمبوہ نے کہا ہے کہ فصلوں کے صوبائی و ضلعی سطح پر مقابلہ جات کروانے سے کاشتکاروں میں ایک نئی تحریک پیدا ہوئی ہے اور زرعی پیداوار میں کاشتکار ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کی کوشش کررہے ہیں۔ملکی تاریخ میں پہلی بارضلعی وصوبائی سطح پر فصلوں،پھلوں اورسبزیوں کے پیداواری مقابلہ جات کا انعقاد حکومت پنجاب کا احسن اقدام ہے اس سے کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی ہوگی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرٹس کونسل ڈیرہ غازی خان میں ضلعی و ڈویژنل سطح پر فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے کاشتکاروں میں قیمتی زرعی مشینری کے انعامات تقسیم کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع و اڈاپٹیو ریسرچ پنجاب سید ظفر یاب حیدر، ایڈیشنل کمشنر ریونیو رانا شوکت علی۔ڈائریکٹر زراعت توسیع عبدالغفور غفاری،ڈپٹی ڈائریکٹرزچوہدری محمد ارشاد، نوید عصمت کاہلوں،مہر عابد حسین،محمد اشرف قریشی،ڈاکٹر عارف،غلام رسول، سمیت محکمہ کے افسران اورکاشتکاروں کی کثیر تعداد موجود تھی. سٹیج سیکرٹری کے فرائض خادم حسین شہزاد رجپوت نے انجام دیئے۔کمشنرنے کہا کہ ہمارا کسان بہت محنتی ہے جو اپنا پسینہ کھیتوں میں بہا کر ہمارے لئے اناج پیدا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں کاشتکاروں کو سبسڈی دی جاتی ہے حکومت پنجاب نے بھی کاشتکاروں کی لاگت کاشت میں کمی لانے کیلئے متعددسبسڈی سکیمیں متعارف کرائی ہیں جن سے ہمارے کاشتکار مستفید ہوکرفصلوں کی پیداوار میں اضافہ کو ممکن بنائیں گے۔پیداواری مقابلہ برائے کپاس میں ڈیرہ غازی خان کے محمد سلمان نے1923.68کلوگرام ،ضلع مظفر گڑھ کے کوثر عباس نے 2360.80، لیہ کے اعجاز حسین نے1860.30،راجن پور کے صابر حسین نے 1749.66کلو گرام فی ایکڑ پیداوار حاصل کرکے اپنے اپنے اضلاع میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور انہیں انعام کے طور پر کاٹن ریجرز دی گئیں۔آم کے پیداواری مقابلہ 2017-18میں ضلع مظفر گڑھ کے محمد حسین نے 12066.80کلو گرام فی ایکڑ پیداوار حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی اور انہیں انعام کے طور پر مینگو آرچرڈ سپریئر دیا گیا ۔کینو کے پیداواری مقابلہ برائے 2017-18میں لیہ کے طاہر مسعود نے 20372.13کلو گرام فی ایکڑ پیداوار حاصل کرکے پہلی پوزیشن لی اور انہیں انعام میں روٹاویٹر دیا گیا۔اسی طرح ضلعی سطح پر سیکنڈ اور تھرڈ پوزیشن حاصل کرنے والے کاشتکاروں میں بھی قیمتی زرعی مشینری کے انعامات تقسیم کئے گئے۔ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع سید ظفریاب حیدرنے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم ،کاشتکاروں کی محنت،حکومت کی کسان دوست پالیسیوں اور محکمہ زراعت کی فیلڈ ٹیموں کی بروقت رہنمائی سے کاشتکاروں نے بہترین پیداوار حاصل کرکے پوزیشنز حاصل کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ خادم کسان پیکج کے تحت زرعی مداخل پر سبسڈی کا بھی پیداوار بڑھانے میں اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی ملکی آبادی کیلئے فوڈ سیکورٹی کو یقینی بنانے میں بھی ہمارے کاشتکاروں کی شب وروز کی محنت کانتیجہ ہے۔انہوں نے کہا مجھے بہت خوشی ہے کہ میرا تعلق اس ڈویژن سے ہے۔مجھے اس بات پربھی فخر ہے کہ مذکورہ ڈویژن کے کاشتکاروں نے صوبائی سطح پرمختلف کیٹگریز میں پہلی تین پوزیشیں حاصل کیں۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی سطح پرپیداواری مقابلہ جات برائے2017-18 میں کپاس کی فصل میں او ل پوزیشن ضلع مظفرگڑھ کے محمد خان ولد محمد گلزار نے 2509کلوگرام فی ایکڑ پیداوار حاصل کر کے لی اور انہیں انعام میں لیزر لینڈ لیولر دیا گیا جبکہ دوسری پوزیشن بھی ضلع مظفر گڑھ کی مثالی کاشتکار رابعہ سلطان نے 2452 کلو گرام فی ایکڑ پیداوار حاصل کر کے لی اور انہیں انعام میں ٹریکٹر ٹرالی دی گئی ،تیسری پوزیشن ضلع راجن پور کے حاجی خمیسہ نے حاصل کی انھوں نے2417 کلوگرام فی ایکڑ پیداوار حاصل کی انہیں انعام میں ڈسک ہیرو دی گئی۔اسی طرح صوبائی سطح پر پیداوار ی مقابلہ برائے آم2017-18 میں ضلع مظفرگڑھ کے محمد یامین نے16412 کلوگرام فی ایکڑ پیداوار حاصل کر کے لی اور انہیں انعام میں ٹریکٹر ٹرالی ملی۔ڈائریکٹر زراعت توسیع نے بتایا کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں کاشتکاروں نے تین فصلوں کپاس ،آم اور کنو کے پیداواری مقابلہ میں حصہ لیا جن میں سے 17کاشتکاروں نے ضلعی وڈویژنل سطح پر پوزیشنز حاصل کیں اور انہیں تقریباً 27لاکھ روپے مالیت کی قیمتی زرعی مشینری انعام کے طور پر تقسیم کی گئی ہے۔اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر ریونیو رانا شوکت علی نے بھی اپنے خطاب میں پوزیشنز حاصل کرنے والے کاشتکاروں کو مبارکباد دی۔

Post Top Ad

Your Ad Spot